تہران (نمائندہ خصوصی):ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر پر امریکی حملے اور عدم استحکام کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے ۔ بی بی سی کے مطابق کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ دارخوین میں زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر پر امریکی حملہ ایران کے توانائی کے پُرامن انفراسٹرکچر پر ایک خطرناک حملہ ہے۔ایکس پر جاری بیان میں کاظم غریب آبادی نے خبردار کیا کہ بڑھتی ہوئی بدامنی اور عدم استحکام کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری مکمل طور پر امریکی
حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے اور اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے دفاع کے لیے مناسب اقدامات کرے گا۔گزشتہ روز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے)نے اعلان کیا تھا کہ اس نے دارخوین میں زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر کی تعمیراتی سائٹ پر ہونے والے مبینہ حملے کی رپورٹس کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ایجنسی کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ تنصیب ابھی تعمیر کے ابتدائی مراحل میں ہے اور آئی اے ای اے کے آخری معائنے کے وقت وہاں کوئی جوہری مواد موجود نہیں تھا۔آئی اے ای اے کا کہنا تھا کہ کہ مبینہ حملے سے تابکاری کے کسی خطرے کا امکان نہیں ۔ادارے کے ڈائریکٹر جنرل رفائیل ماریانو گروسی نے تمام جوہری تنصیبات کے قرب و جوار میں فوجی کارروائیوں میں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کا اعادہ کیا ۔
