کویت سٹہ( مانیٹرنگ ڈیسک)کویت کی قومی تیل کمپنی نے بتایا ہے کہ اس خلیجی عرب ریاست کی سمندری حدود میں میں قدرتی گیس کے ذخائر کی ایک ’نئی اور بڑی دریافت‘ ہوئی ہے۔ ماہرین نے گیس کے ان نئے ذخائر کا اندازہ قریب ایک ٹریلین کیوبک
فٹ کے برابر لگایا ہے۔دارالحکومت کویت سٹی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق کویت آئل کمپنی کی طرف سے بتایا گیا کہ اس خلیجی ریاست کے قریبی سمندری علاقے کی تہہ کے نیچے دریافت کردہ قدرتی گیس کے یہ نئے ذخائر ملکی قدرتی وسائل میں ایک بڑا اضافہ ثابت ہوں گے۔قومی ملکیت میں کام کرنے والی کویت آئل کمپنی کویت پٹرولیم کارپوریشن (کے پی سی) کا ایک ذیلی ادارہ ہے، جس کی طرف سے بتایا گیا کہ کویتی ”آف شور علاقے میں تیل اور گیس کی تلاش کے دوران قدرتی گیس کے جزہ فیلڈ کے حوالے سے دریافت ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔‘‘

