اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):بھارت کے معروف میڈیا نیٹ ورک "ون انڈیا” کو ایک شرمناک سائبر حملے میں "ٹرو مسلم افغانز” نامی گروہ نے کامیابی سے ہیک کر لیا جس نے بھارت کے ڈیجیٹل سکیورٹی نظام میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس سائبر حملے نے بھارت کی قومی سائبر سکیورٹی نظام کی ساکھ پر سنگین سوالات اٹھا ئے ہیں ۔ہیکرز نے نیٹ ورک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں، جن کے 3 کروڑ سے زائد فالوورز ہیں، کامیابی سے دراندازی کر کے ایک جرات مندانہ سیاسی پیغام نشر کیا۔اس واقعے کو علاقائی مبصرین محض ایک تکنیکی خلاف ورزی نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا جغرافیائی و سیاسی حملہ قرار دے رہے ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ہیکرز شمالی اتحاد اور دیگر مزاحمتی دھڑوں سے کسی نہ کسی حد تک
وابستہ ہیں۔انہوں نے ہیک کیے گئے نشریاتی چینلز کے ذریعے موجودہ عبوری افغان حکومت ( آئی اے جی ) اور طالبان ( ٹی ٹی اے) کی بدلتی پالیسیوں کی کھل کر مذمت کی۔گروہ نے ہائی جیک کیے گئے پلیٹ فارم پر افغان پرچم بھی نمایاں کیا، جو کابل میں موجودہ حکومت کو مسترد کرنے کی علامت ہے۔ہیکرز نے طالبان اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بڑھتی قربت کی بھی سخت مذمت کی۔یہ اقدام مزاحمتی قوتوں کی جانب سے ایک واضح پیغام ہے کہ افغان عوام کے کئی حلقے طالبان کی نئی دہلی کے ساتھ مفاداتی سفارتکاری کی حمایت نہیں کرتے۔یہ سائبر حملہ افغان محب وطن حلقوں میں پائے جانے والے گہرے غصے کو ظاہر کرتا ہے، جو طالبان کے بھارت کے ساتھ حالیہ روابط کو قومی خودمختاری کے خلاف اور دیرینہ نظریاتی مؤقف سے انحراف سمجھتے ہیں۔ایک بڑے بھارتی میڈیا ادارے پر یہ حملہ بھارت کے قومی سائبر سکیورٹی نظام کی ساکھ پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ماہرینِ سیکیورٹی اس بات پر سوال اٹھا رہے ہیں کہ ریاستی سرپرستی کے بغیر کام کرنے والا ایک گروہ کس طرح ایک بڑے بھارتی میڈیا ادارے کے فائر والز اور حفاظتی اقدامات کو آسانی سے عبور کر گیا۔اس واقعے نے علاقائی سیکیورٹی حلقوں میں ایک وسیع بحث چھیڑ دی ہےکہ اگر بھارتی ریاست غیر ریاستی عناصر کے خلاف اپنی ڈیجیٹل اور میڈیا تنصیبات کو محفوظ نہیں بنا سکتی، تو وہ پاکستان یا چین جیسے علاقائی طاقتوں کی مربوط سائبر یلغار کا کیسے مقابلہ کرے گی؟۔جبکہ "ون انڈیا” نیٹ ورک اس بحران پر قابو پانے اور اپنی متاثرہ ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، یہ واقعہ ڈیجیٹل دنیا میں بڑھتے ہوئے خطرات اور جدید سائبر جنگ کے ساتھ علاقائی سیاسی مزاحمت کے گہرے تعلق کی ایک واضح یاد دہانی ہے۔

