فاطمہ بھٹو سے میرا پہلا تعارف کسی ادبی میلے، کتاب کی تقریب یا کسی بین الاقوامی فورم پر نہیں ہوا تھا میں نے انہیں پہلی بار اُس وقت دیکھا جب وہ اپنے والد کی آمد سے قبل سندھ بھر کے سیاسی دوروں میں اپنی والدہ غنوی بھٹو کے ہمراہ شریک ہوتی تھیں۔ وہ اُس وقت نوعمر تھیں اور ان کی گود میں ان کا ننھا بھائی ذوالفقار علی بھٹو جونیئر ہوا کرتا تھا۔ ٹنڈو الہ یار کا وہ سیاسی ماحول آج بھی یاد ہے جب عبدالغنی درس پیپلز پارٹی سے ناراض ہو کر پی پی پی شہید بھٹو میں شامل ہوئے تو یہ اسوقت ایک بڑی خبر بنا ہوا تھا اسی فضا میں اسی سیاسی قافلے کے ساتھ مجھے پہلی بار ٹنڈو الہ یار میں عبدالغنی درس کی رہائش گاہ پر فاطمہ بھٹو کا چہرہ دکھائی دیا اُس لمحے مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اس خاموش چہرے کے پیچھے مستقبل میں ایک ایسی زندگی پوشیدہ ہوگی جس کے زخم برسوں بعد الفاظ کی صورت دنیا کے سامنے آئیں گے۔
فاطمہ بھٹو پاکستان کی تاریخ کے طاقتور ترین اور متنازع مگر فیصلہ کن وزیر اعظم، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی ہیں۔ بھٹو نام اس ملک کی سیاست میں اقتدار کا مترادف بن چکا ہے عوامی مقبولیت، سیاسی جماعت، ریاستی ڈھانچے پر اثر، اور عالمی سطح پر پہچان۔ مگر اسی نام کے ساتھ جڑی قربانیوں کی ایک طویل فہرست بھی ہے، جو پاکستان کی سیاسی تاریخ سے الگ نہیں کی جا سکتی۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی، ان کے چھوٹے بیٹے شاہنواز بھٹو کا پراسرار قتل، بینظیر بھٹو کے وزیر اعظم ہوتے ہوئے ان کے بھائی اور فاطمہ بھٹو کے والد میر مرتضیٰ بھٹو کا قتل، اور بالآخر خود بے نظیر بھٹو کی شہادت یہ سب محض واقعات نہیں، بلکہ ایک خاندان کی ادا کی گئی وہ قیمت ہے جو آج بھی قومی ضمیر پر نقش ہے۔
اب اسی سلسلے کی تیسری نسل ہمارے سامنے ہے۔ ایک طرف بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو ہیں، مگر ان تمام قربانیوں کے سب سے بڑے سیاسی فائدہ اٹھانے والے محترمہ بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور ہیں جنہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے نہ صرف اقتدار اور پارٹی پر قبضہ حاصل کیا بلکہ اپنی جائیدادوں اور سیاسی اثر و رسوخ میں بھی اضافہ کیا دوسری جانب اسی تیسری نسل میں فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو جونیئر ہیں ایک وقت تھا جب قیاس آرائیاں تھیں کہ فاطمہ بھٹو شاید عملی سیاست میں قدم رکھیں گی مگر انہوں نے شعوری طور پر اس راستے سے کنارہ کشی اختیار کی ذوالفقار علی بھٹو جونیئر، ان کے سوتیلے بھائی اب سیاست میں آ چکے ہیں مگر تاحال وہ اس مقام اور قوت تک نہیں پہنچ سکے حالانکہ سندھ کے عوام کی ایک بڑی تعداد آج بھی اس خاندان کو اپنے سیاسی پیر و مرشد کے طور پر دیکھتی ہے اس فرق کی بنیادی وجہ پارٹی پر کنٹرول اور تنظیمی اختیار کا وہ مرکز ہے جس نے ایک فریق کو طاقت کے قلب تک پہنچایا اور دوسرے کو سیاسی حاشیے پر محدود کر دیا اسی پس منظر میں فاطمہ بھٹو اپنے تازہ انٹرویو کے ذریعے ایک بالکل مختلف محاذ پر سامنے آتی ہیں یہ جنگ نہ جلسوں میں لڑی جاتی ہے، نہ عدالتوں میں، بلکہ یہ انسان کے اندر، اس کے اعتماد کے اندر، اور اس کی خاموشی کے اندر لڑی جاتی ہے۔
حال ہی میں برطانیہ کے معروف اخبار دی گارڈین میں شائع ہونے والا فاطمہ بھٹو کا انٹرویو بظاہر ان کی آنے والی یادداشت The Hour of the Wolf یعنی “خاموش اذیت کے لمحات” کا تعارف معلوم ہوتا ہے، مگر حقیقت میں یہ ایک گہرا اور کربناک اعتراف ہے۔ The Hour of the Wolf میں بھیڑیے کا استعارہ محض ایک جنگلی جانور کی علامت نہیں بلکہ انسانی اور ریاستی جبلّت کے اس تاریک پہلو کی نشاندہی کرتا ہے جو خوف، بھوک اور اختیار کی خواہش میں اپنے ہی رشتوں اور اپنے ہی شہریوں کو نگل لیتا ہے۔ روایت کے مطابق برفانی سردیوں میں جب بھیڑیے کو شکار میسر نہ آئے تو بھوکا بھیڑیا اپنے جھنڈ میں اُس ساتھی کے گرنے کا انتظار کرتا ہے جو بھوک اور کمزوری کے باعث نڈھال ہو چکا ہو، اور جیسے ہی کوئی کمزور بھیڑیا زمین پر گرتا ہے، پورا جھنڈ مل کر اسی کو شکار بنا لیتا ہے۔ یہی وہ لمحہ ہوتا ہے، اور یہی اس استعارے کی اصل معنویت ہے—جب خطرہ باہر سے نہیں بلکہ اندر سے جنم لیتا ہے، اور بقا کے نام پر اپنوں کو ہی قربان کر دیا جاتا ہے
فاطمہ بھٹو کی کہانی میں جبر کسی اجنبی کے ہاتھوں نہیں آتا، بلکہ اسی شخص سے آتا ہے جسے محبت، اعتماد اور اپنائیت کا نام دیا جاتا ہے۔ سب سے خطرناک لمحہ وہی ہوتا ہے جب ظلم باہر سے حملہ آور نہ ہو، بلکہ اندر سے، رشتے کے نام پر، حفاظت کے دعوے کے ساتھ جنم لے۔ یہی وہ ساعت ہے جب بھیڑیا بھوکا ہو جاتا ہے اور محبت آہستہ آہستہ شکار میں بدلنے لگتی ہے۔
اور اصل میں، یہ سب ایک عورت کے اندر کی وہ چیخ ہے جو چیختی نہیں، بس آہستہ آہستہ انسان کی ہڈیوں میں اتر جاتی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک طویل تعلق کا ذکر کیا جو قریب گیارہ برس ان کی زندگی کے گرد گھومتا رہا وہ اس شخص کا نام نہیں لیتیں اسے صرف The Man کہتی ہیں۔ یہی بے نامی اس کہانی کا سب سے گہرا استعارہ ہے کیونکہ جبر کئی بار نام کے بغیر بھی اپنا کام کرتا رہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ یہ سب بیان نہیں کرنا چاہتی تھیں شرم تھی جھجک تھی اور اندر ایک شدید مشکل تھی۔ مگر پھر انہوں نے یہ سوچ کر اپنے ذاتی راز سامنے لانے کا فیصلہ کیا کہ شاید اس کے ذریعے وہ ان عورتوں کی مدد کر سکیں جو محبت میں دھوکے اور اذیت کا سامنا کرتی ہیں۔ فاطمہ کے الفاظ کا مفہوم یہی ہے کہ کاش کسی اور نے پہلے ایسی حقیقتیں لکھ دی ہوتیں تو شاید انہیں بھی سہارا ملتا شاید انہیں بھی کوئی نقشہ ملتا کہ تکلیف کے اندر راستہ کہاں سے نکلتا ہے۔
یہاں سے فاطمہ بھٹو کی کہانی محض ایک انکشاف نہیں رہتی، ایک دستاویز بن جاتی ہے۔ کیونکہ وہ جس خاندان سے تعلق رکھتی ہیں وہاں خوف اور احتیاط زندگی کا معمول رہے ہیں۔ وہ خود کہتی ہیں کہ انہیں بچپن میں بیگ تیار رکھنے کی تربیت دی گئی، فون پر زیادہ بات نہ کرنے کا کہا گیا، اپنا مقام نہ بتانے کی تاکید کی گئی، اور راز کو بقا سمجھ کر جینا سکھایا گیا۔ سیاست کے سایے میں یہی تربیت انسان کو مضبوط دکھاتی ہے مگر اندر سے اسے خاموشی کی عادت بھی دے دیتی ہے۔ اور جب راز عادت بن جائیں تو کبھی کبھی انسان یہ پہچان کھو دیتا ہے کہ کہاں خاموشی حفاظت ہے اور کہاں خاموشی ظلم کا ساتھ۔
فاطمہ نے اپنی زندگی کی ایک اور پرت بھی بیان کی۔ ان کی کم عمری میں والدہ اور والد میر مرتضی بھٹو کے درمیان طلاق ہوئی اور وہ اپنے والد اور سوتیلی ماں غنوی بھٹو کے ساتھ رہنے لگیں۔ پھر چودہ برس کی عمر میں ان کے والد قتل کر دیے گئے۔ یہ وہ سانحہ ہے جس کے بعد کسی بھی بچے کی نفسیات میں عدم تحفظ، غیر یقینی مستقبل، اور ایک انجانا خوف مستقل ٹھکانہ بنا لیتا ہے۔ فاطمہ کہتی ہیں کہ انہیں اپنے والد سے بے پناہ محبت ملی مگر والدین کی مشترکہ محبت کی کمی اور بچپن کے اس غیر محفوظ ماحول نے ان کے اندر ایک کمی بھی چھوڑ دی، اور بعض کمیوں کا فائدہ غلط لوگ اٹھا لیتے ہیں۔
اسی پس منظر میں وہ اپنی ناکام محبت کا ذکر کرتی ہیں۔ گیارہ سالہ تعلق، جس میں وہ مہینے میں صرف ایک بار مل پاتیں کیونکہ ان کی زندگی کام اور مصروفیت سے بھری تھی۔ وہ بتاتی ہیں کہ وہ شخص ریسٹورنٹس، شاپنگ سینٹرز اور عوامی مقامات پر ان کی تضحیک کرتا تھا، اور وہ اس تذلیل کو محبت کے نام پر برداشت کرتی رہیں۔ ان کے بیان کا سب سے کاٹ دار حصہ وہ اقتباس ہے جو پڑھنے والے کے اندر کچھ توڑ دیتا ہے اور کچھ جوڑ دیتا ہے
“اس شخص نے مجھے بہت نقصان پہنچایا، لیکن مجھے توڑ نہ سکا، کیونکہ میں مضبوط تھی، اور یہ طاقت مجھے میرے والد میر مرتضی بھٹو نے دی تھی۔”
یہ جملہ سننے میں طاقت کا اعلان ہے، مگر اندر سے یہ ایک اعتراف بھی ہے کہ مضبوط ہونا ہمیشہ بچاؤ نہیں بنتا۔ کبھی کبھی مضبوطی ہی انسان کو یہ غلط فہمی دے دیتی ہے کہ وہ سب کچھ سہہ لے گا، اور یہی سہنا جبر کرنے والے کے لیے راستہ آسان کر دیتا ہے۔ فاطمہ کی کہانی اس سماجی فریب کو توڑتی ہے کہ صرف کمزور عورتیں ہی استحصال کا شکار ہوتی ہیں بلکہ ذہین، باشعور، دنیا کو دیکھنے والی عورت بھی غلط شخص کے سامنے دیر تک خاموش رہ سکتی ہے خاص طور پر اسوقت جب اس نے اپنی پوری زندگی میں خاموشی کو ہی بقا سمجھا ہو۔
اس انٹرویو میں وہ کہتی ہیں کہ وقت کے ساتھ میری عمر بڑھتی گئی اور وہ شخص شادی کے لیے تیار نہیں تھا۔ فاطمہ کو یہ خوف لاحق ہوا کہ کہیں عمر کی وجہ سے وہ کہیں ماں بننے کی امید کھو دے تو اس ڈر سے اس نے فرانس میں فرٹیلٹی پریزرویشن بھی کروائی تاکہ مستقبل میں اولاد کی امید محفوظ رہ سکے۔ یہ فیصلہ محض طبی نہیں، نفسیاتی ہے۔ عورت جب مسلسل غیر یقینی میں رہے تو وہ زندگی کے اہم ترین فیصلوں میں بھی خوف کی آمیزش لیے آگے بڑھتی ہے۔
پھر 2021 میں فاطمہ نے رشتہ ختم کیا اور نئی زندگی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے شادی کی اور مختصر عرصے میں دو بچوں کی ماں بن گئیں۔ اس حصے میں کوئی فلمی انجام نہیں، مگر ایک حقیقت ہے۔ زندگی بند دروازہ نہیں ہوتی۔ دیر سے لیا گیا درست فیصلہ بھی زندگی کو پلٹا سکتا ہے۔
اس انٹرویو میں فاطمہ کا ایک اور پہلو بھی سامنے آتا ہے۔ وہ غزہ کا ذکر کرتی ہیں، اپنے محفوظ ماحول کا بھی، اور وہاں ان عورتوں کا بھی جو بمباری کے سائے میں بچے جن رہی ہیں۔ یہاں فاطمہ صرف اپنی ذات تک نہیں رہتیں بلکہ وہ ایک ضمیر بن جاتی ہیں۔ ظلم ذاتی ہو یا ریاستی، اس کی نفسیات کئی بار ایک جیسی ہوتی ہے۔ کنٹرول، خاموشی، اور سچ بولنے والے کو شرمندہ کرنا۔
اب اگر اس انٹرویو سے کوئی ایک سبق چننا ہو تو وہ یہ ہے کہ خاموشی ہمیشہ وقار نہیں ہوتی۔ کبھی خاموشی صرف ایک پرانی تربیت ہوتی ہے۔ اور اس تربیت کو توڑ دینا ہی آزادی کی پہلی شکل ہے۔ فاطمہ بھٹو نے سیاست کو گالی نہیں دی، مگر سیاست کے سائے میں پلنے والی خاموشیوں کو توڑ دیا۔ یہی اس کالم کی اصل اہمیت ہے۔
اور یہی وہ جگہ ہے جہاں بھٹو خاندان کی تیسری نسل کا دکھ، بھٹو خاندان کی دوسری نسل کی قربانیوں سے جا ملتا ہے۔ ایک طرف اقتدار کی داستانیں، دوسری طرف قیمت کی داستانیں۔ اور ان دونوں کے بیچ، ایک عورت کی وہ ذاتی سچائی جو ہزاروں عورتوں کے لیے چراغ بن سکتی ہے، اس شرط پر کہ ہم اسے سنجیدگی سے سنیں، اسے محض گپ شپ نہ بنائیں، اور محبت کو شدت نہیں بلکہ سکون کے پیمانے سے ناپنا سیکھیں
فاطمہ بھٹو کی خاموش چیخ، ناکام محبت، اور بھٹو نام کے سائے میں تیسری نسل کی کہانی

