ڈیرہ اسماعیل خان:( نمائندہ خصوصی) یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر جی او سی 40 ڈویژن، میجر جنرل مدثر سعید نے اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غلام مبشر میکن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ضیاءالدین احمد، پاک آرمی کے سینئر افسران اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے آغاز پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔ بعدازاں میجر جنرل مدثر سعید نے یادگارِ شہدائے پولیس پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، سلامی پیش کی اور وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر میجر جنرل
مدثر سعید نے کہا کہ شہدائے پولیس نے دہشت گردی، جرائم اور امن دشمن عناصر کے خلاف جنگ میں بے مثال جرات، بہادری اور ایثار کی لازوال داستانیں رقم کیں۔ قوم اپنے ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت، احترام اور فخر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پولیس نے ہمیشہ شانہ بشانہ رہ کر وطن عزیز کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے، اور یہ باہمی تعاون مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔دورے کے دوران جی او سی 40 ڈویژن نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اور سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا، جہاں انہیں جدید نگرانی کے نظام، سی سی ٹی وی کیمروں، ریئل ٹائم مانیٹرنگ، جرائم کی روک تھام، فوری رسپانس اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اختیار کیے گئے جدید اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے
مؤثر استعمال اور عوامی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔بعدازاں انہوں نے پولیس میس اور ماڈل بارک کا دورہ کیا، جہاں پولیس افسران و جوانوں کے لیے فراہم کی گئی جدید رہائشی، فلاحی اور سہولتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس فورس کی پیشہ ورانہ استعداد، فلاح و بہبود اور بہترین ورکنگ ماحول کے لیے کیے گئے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایک باصلاحیت، باحوصلہ اور خوشحال پولیس فورس ہی عوام کو مؤثر اور معیاری خدمات فراہم کر سکتی ہے۔دورے کے اختتام پر جی او سی 40 ڈویژن نے ڈیرہ رینج پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، شہداء کی لازوال قربانیوں کو زندہ رکھنے کے عزم، جدید پولیسنگ، سیف سٹی منصوبے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اور پولیس ویلفیئر کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک فوج اور پولیس کا باہمی تعاون امن، ترقی اور عوامی خدمت کے فروغ میں مزید مضبوط ہوگا۔

















