اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے ڈی چوک، اسلام آباد میں کل بدھ کویومِ استحصال کشمیر کے موقع پر منعقد ہونے والی مرکزی تقریب کی تیاریوں کا تفصیلی
جائزہ لیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران شبیر احمد عثمانی ، جوائنٹ سیکرٹری امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران منور حسن سمیت وزارت کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں اور ہدایت دی کہ تقریب کو شایانِ شان بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یومِ استحصال کشمیر پر پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے متحد ہے۔

