کراچی( نمائندہ خصوصی)ایس پی ماجدہ پروین نے پاکستان پولیس کی تاریخ میں ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے امریکہ کی ایف بی آئی نیشنل اکیڈمی کے باوقار تربیتی پروگرام میں شرکت کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون پولیس افسر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔دنیا کے ممتاز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے لیے منعقد کیے جانے والے اس
دس ہفتوں کے بین الاقوامی کورس میں ایس پی ماجدہ پروین کامیابی کے ساتھ شرکت کر رہی ہیں، اور اب تک وہ دو ہفتوں کا تربیتی مرحلہ کامیابی سے مکمل کر چکی ہیں۔یہ کامیابی صرف ایس پی ماجدہ پروین کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پوری پاکستان پولیس، بالخصوص خواتین پولیس افسران کے لیے فخر، عزت اور حوصلے کی علامت ہے۔ ان کی یہ تاریخی پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین اپنی صلاحیت، محنت اور پیشہ ورانہ قابلیت کے بل بوتے پر
عالمی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔دعا ہے کہ ایس پی ماجدہ پروین یہ دس ہفتوں پر مشتمل باوقار کورس کامیابی سے مکمل کر کے وطن واپس آئیں اور اپنی عالمی معیار کی تربیت اور تجربے سے پاکستان پولیس کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں۔”پاکستان کی پہلی خاتون، ایک تاریخی اعزاز… قوم کو آپ پر فخر ہے۔”

