کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے سینئر رکن اور جم سیکریٹری طاہر صدیقی نے ایک ماہ میں 3 ہزار پش اپس مکمل کرنے کا منفرد چیلنج کامیابی سے مکمل کر لیا۔ اس سلسلے میں کراچی پریس کلب کے جم میں بدھ کی شام پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ورلڈ ایتھلیٹ سرٹیفائیڈ انٹرنیشنل ٹریک ٹرینر روما رومان نے فائنل سیشن کی جج کے فرائض انجام دیے۔ تقریب میں
کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی،خازن عمران ایوب، جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع، ممبر گورننگ باڈی شیما صدیقی، سید فرید عالم ، سابق سیکرٹری مقصود یوسفی ،مظہر عباس، کے یوجے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، سیکرٹری ریحان خان چشتی،سینئر ممبراسحاق تنولی، خالد ، کامران رضی، اکبر علی ، نصیر احمد،کک باکسنگ میں ایشین گیمز کی گولڈ میڈلسٹ عائشہ بلوچ ،پاکستان ڈائی ٹیٹکس اینڈ نیو ٹریشن سوسائٹی کی سیکرٹری فائزہ خان سمیت سینئر صحافیوں، اراکین اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران طاہر
صدیقی نے حاضرین کے سامنے آخری 50 لائیو پش اپس مکمل کرکے 30 دن میں 3 ہزار پش اپس کا چیلنج پایۂ تکمیل تک پہنچایا، جس پر شرکاء نے بھرپور انداز میں تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پروگرام انتہائی منفرد، متاثر کن اور قابلِ تقلید تھا۔ انہوں نے کہا کہ طاہر صدیقی نے جس عزم، محنت اور مستقل مزاجی کے ساتھ ایک ماہ میں تین ہزار پش اپس مکمل کیے، وہ واقعی قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے خوشگوار انداز میں کہا کہ "طاہر بھائی کے 50 پش اپس ہمارے لیے 500 کے برابر ہیں۔”کمشنر کراچی نے کہا کہ جب انہوں نے طاہر صدیقی کی عمر پوچھی تو انہیں مزید احساس ہوا کہ باقاعدہ ورزش انسان کی
صحت، توانائی اور شخصیت پر کتنے مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس تقریب سے ذاتی طور پر بھی بہت حوصلہ اور تحریک ملی ہے۔سید حسن نقوی نے کہا کہ اگر زیادہ لوگوں کو جم کی طرف راغب کرنا ہے تو کراچی پریس کلب کی کینٹین میں صحت بخش غذا کو فروغ دیا جائے، جبکہ ہلکے پھلکے انداز میں انہوں نے تجویز دی کہ روزانہ دو گھنٹے کے لیے وائی فائی بند کر دیا جائے تاکہ لوگ موبائل فون کے بجائے اپنی جسمانی صحت اور ورزش پر توجہ دیں۔ انہوں نے موسم کی شدت کم ہونے کے بعد کراچی پریس کلب میں اسپورٹس گالا منعقد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی اس تقریب میں ضرور مدعو کیا جائے۔اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی نے کہا کہ
طاہر صدیقی کی یہ کامیابی صرف ان کا ذاتی اعزاز نہیں بلکہ کراچی پریس کلب کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب ہمیشہ صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا اور ایسے پروگرام صحافی برادری میں فٹنس کے شعور کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے تقریب میں شرکت پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی، روما رومان اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔طاہر صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس چیلنج کا مقصد کوئی ریکارڈ قائم کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں فٹنس کا شعور اجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی
کے لیے ورزش انتہائی ضروری ہے اور فٹنس کا تعلق نہ عمر سے ہے اور نہ ہی جنس سے، بلکہ ہر فرد کو روزانہ کم از کم 30 منٹ اپنی صحت کے لیے ضرور نکالنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر مختلف افراد کی فٹنس ویڈیوز دیکھ کر لوگ بغیر مناسب رہنمائی کے سخت ورزش شروع کر دیتے ہیں، جو بعض اوقات نقصان دہ ثابت ہوتی ہے، اس لیے ہر شخص کو اپنی جسمانی استعداد اور ماہرین کی رہنمائی کے مطابق ورزش کرنی چاہیے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے کمشنر کراچی، کراچی پریس کلب کی قیادت، صحافی برادری اور تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے طاہر صدیقی کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی مثبت اور صحت مند سرگرمیاں معاشرے میں فٹنس کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔


