کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی)بلوچستان عوامی پارٹی کے خواتین ونگ کی صدر رکنِ صوبائی اسمبلی، اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے محافظ کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ دہشت گردی کا واقعہ نہ صرف انصاف کے نظام بلکہ پوری قوم پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ایسے مذموم اقدامات سے عوام
کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور نہ ہی ریاستی اداروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روک سکتے ہیں۔۔۔۔انہوں نے شہداء کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ نے قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں انتہائی دیانتداری اور جرات کے ساتھ انجام دیں۔ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔محترمہ فرح عظیم شاہ نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں عطاء فرمائے آمین ثم آمین

