لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے حقِ خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور شہدائے تحریکِ آزادی کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے یومِ شہدائے کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 13 جولائی 1931 کے 22 شہداء سمیت ہر
کشمیری شہید کا لہو آزادی کی عظیم داستان ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو جائز حق دلوانے کے لیے عالمی برادری موثر کردار ادا کرے۔ شہدائے کشمیر کی لازوال قربانیاں تحریکِ آزادی کا روشن ترین باب ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیور عوام نے اپنے خون سے آزادی کی جو شمع روشن کی، وہ آج بھی کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کی صورت میں زندہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی گراں قدر قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔وہ دن دور نہیں جب اہل مقبوضہ جموں وکشمیر آزادی کی صبح دیکھیں گے۔

