اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی ) کی پر تشدد کارروائیوں میں لا ء انفورسمنٹ فورسز کے 4 ملازمین (بشمول ایس آئی) شہید اور 89 زخمی ہوئے جبکہ شر پسند عناصر کی جانب سے سی ایم ایچ راولاکوٹ کی توڑ پھوڑ ، مریضوں پر تشدد کے واقعات کے علاوہ براہ ر است فائرنگ کے نتیجہ میں اےپی سی پر 30 کے قریب گولیوں کے نشان کے ساتھ اے پی سی کے 2 عدد ٹائر بھی فائر مار کر پھاڑے گئے۔آزاد جموں وکشمیر پولیس کی پریس ریلیز کے مطابق راولا کوٹ میں موجود شر پسند عناصر کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے لا ء انفورسمنٹ فورسز کی معقول تعداد موجود ہے جو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بحال رکھنے کے لئے دن رات مصروف کار ہے۔اضلاع بھمبر میر پور کوٹلی سدھنوتی ویلی، باغ چہلم ویلی مظفرآباد اور نیلم میں حالات نارمل ہیں کہیں شٹر ڈائون اور کہیں معمولی پہیہ جام ہے۔پولیس کی جانب سے کاروبار کرنے والوں اور گاڑی مالکان کو عملی تحفظ دیا جارہا ہے جس
کے باعث کاروبار زندگی رواں دواں ہے۔ اس کا کریڈٹ پولیس کے ساتھ امن پسند عوام کو بھی جاتا ہے۔ کالعدم جو ائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی میں کے شر پسندوں کے خلاف 2026-06-06 سے 2026-06-14 کے دوران کل 81 مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ ان مقدمات میں ملوث ملزمان میں سے 425 شر پسندوں کوگرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ نا جائز 15 خود کار ہتھیار بمعہ ایمونیشن، آہنی کے، واکی ٹاکی سیٹ ، حساس آلات، دستاویزات وغیرہ برآمد ہو چکے ہیں علاوہ ازیں کا لعدم جے اے اے سی کے 400 سے زائد شر پسند کارکنان کے نام Alh شیڈول پر درج کرائے جارہے ہیں۔آزاد کشمیر پولیس اور دیگر لا ء انفورسمنٹ فورسز کی بہترین حکمت عملی کے نتیجہ میں مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں لا اینڈ آرڈر کی صور تحال تسلی بخش ہے۔ اضلاع کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس اوپن ہیں اور ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بحال ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ پر امن رہیں، افواہوں پر یقین نہ کریں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں، حساس مقامات اور غیر قانونی اجتماعات سے دور رہیں کسی بھی کالعدم یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تنظیم سے دوری اختیار کریں۔ مشکوک سرگرمی مسلح افراد، اشتعال انگیز منصوبہ بندی یا امن عامہ کومتاثر کرنے کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانہ یا ضلعی انتظامیہ کو دیں۔

