مسقط( نمائندہ خصوصی):اومان کے دارالحکومت مسقط کے قریب مینا الفحل بندرگاہ سے آپریشنز جاری رکھنے کے اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اومان نے کہا ہے کہ مینا
الفحل بندرگاہ میں سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ اس سے قبل برطانوی خبر رساں ادارےکی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایک دھماکے کے بعد تیل کی لوڈنگ روک دی گئی ہے۔عرب نیوز کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 24 سینٹ کم ہو کر 94.79 ڈالر فی بیرل رہ گئی ہے۔امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل کی قیمت 56 سینٹ کی کمی کے ساتھ 92.48 ڈالر فی بیرل رہی ۔پٹرولیم ڈویلپمنٹ اومان نے جمعہ کو کہا کہ مینا الفحل بندرگاہ میں سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔اومان اس ٹرمینل سے روزانہ 8 سے 9 لاکھ بیرل خام تیل برآمد کرتا ہے۔تجزیہ کاروں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کے ذخائر میں کمی سال کی تیسری سہ ماہی میں قیمتوں میں تیزی کا باعث بن سکتی ہے۔
