لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت پنجاب ہاوئسنگ اینڈ ٹاوئن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کی جانب سے متعارف کروائے گئے عوام دوست ہاوئسنگ پروگرامز کو عالمی سطح پر نمایاں پذیرائی
حاصل ہوئی ہے۔ باکو، آذربائیجان میں منعقدہ ورلڈ اربن فورم میں پنجاب کی نمائندگی کے دوران مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں نے پنجاب کے ہاوئسنگ ماڈلز میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ترجمان کے مطابق کینیڈا، سعودی عرب، انڈونیشیا، ملائیشیا، جنوبی افریقہ اور ترکیہ کے سرکاری اداروں اور نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام "اپنی چھت اپنا گھر” کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں اور اس ماڈل کو کم لاگت ہاوئسنگ کے شعبے میں ایک موئثر اور قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔ورلڈ اربن فورم کے دوران ورلڈ بینک کے مشن نے بھی "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور جلد پنجاب کے دورے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے تاکہ پروگرام کے مختلف پہلووئں کا جائزہ لیا جا سکے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پنجاب ہاوئسنگ اینڈ ٹاوئن پلاننگ ایجنسی پائیدار ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مقرر کردہ اہداف کے حصول کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے۔ ورلڈ اربن فورم میں پنجاب کی جدید ہاوئسنگ پالیسیوں، سماجی ہاوئسنگ اقدامات اور شہری ترقی کے منصوبوں کو عالمی ماہرین نے سراہا۔فورم کے دوران پاکستان پویلین کے ذریعے عالمی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور مختلف ممالک کی حکومتوں کے ساتھ اہم روابط قائم کیے گئے، جبکہ "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کو دنیا کے سب سے بڑے سود سے پاک ہاوئسنگ فنانس پروگرامز میں سے ایک قرار دیا گیا۔عالمی ماہرین نے اس پروگرام کو ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک کامیاب اور قابلِ تقلید ماڈل قرار دیتے ہوئے پنجاب کو سستی اور سماجی ہاوئسنگ فنانس کے میدان میں ایک نمایاں مثال کے طور پر پیش کیا۔ترجمان نے بتایا کہ فورم کے دوران ترکیہ، ملائیشیا، کینیا اور انڈونیشیا سمیت مختلف ممالک کے کامیاب ہاوئسنگ ماڈلز کا بھی مطالعہ کیا گیا، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ کم لاگت رہائش، آفات سے محفوظ تعمیرات، شہری منصوبہ بندی اور ڈیجیٹل گورننس کے حوالے سے اہم معلومات اور تجربات حاصل کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین طریقہ کار کو پنجاب کی ہاوئسنگ اور شہری ترقی کی پالیسیوں میں شامل کیا جائے گا تاکہ عوام کو مزید بہتر اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ترجمان کے مطابق ورلڈ اربن فورم کے بعد "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کو عالمی سطح پر کیس اسٹڈی کے طور پر فروغ دیا جائے گا جبکہ کم لاگت ہاوئسنگ منصوبوں کے لیے کلائمیٹ فنانس کے نئے مواقع بھی تلاش کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب نے جدید، پائیدار اور عوام دوست شہری ترقی کے ماڈل کے طور پر عالمی سطح پر اپنی شناخت مزید مستحکم کی ہے اور "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کو ایک پائیدار، موئثر اور قابلِ تقلید ہاوئسنگ ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

