راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے چار خوارج کو ہلاک کر دیا۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق 3/4 جون کی رات صوبہ خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت
یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے چار خوارج مارے گئے۔خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا جن کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تھا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع مہمند میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن کیا گیا۔ مہارت سے بھرپور کارروائی کے نتیجے میں دو مزید خوارج کو موثر طریقے سے بے اثر کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جو علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن ’’عزم استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم کے طور پر علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹیشن کی کارروائیاں جاری ہیں اور کسی بھی غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے یہ کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
