اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس نے پیر کے دن پاکستان-یورپی یونین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس ڈائیلاگ نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے، سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت ہونے والی پیش رفت کا اندازہ لگانے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کا موقع فراہم کیا۔دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر ہونے والے تفصیلی مذاکرات کے دوران دونوں
فریقوں نے اپنی کثیر جہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مذاکرات میں تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ بالخصوص جی ایس پی پلس (GSP+) فریم ورک کے تحت تعاون میں وسعت اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز رہی۔ اس ضمن میں اپریل 2026ء میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم کی کامیابی کو بھی سراہا گیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان-یورپی یونین مائیگریشن اینڈ موبیلیٹی ڈائیلاگ کے تحت جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا۔ دونوں جانب نے قانونی ہجرت کے مواقع اور ٹیلنٹ پارٹنرشپس کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا جبکہ منظم طریقہ کار کے ذریعے غیر قانونی ہجرت کے موثر تدارک پر بھی اتفاق کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری اور سہولت کار کردار پر روشنی ڈالی۔یورپی یونین نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی قدر دانی کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور علاقائی استحکام برقرار رکھنے کے لیے مکالمے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔دورہ پاکستان کے دوران کاجا کالاس نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ان ملاقاتوں میں دونوں جانب کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کے اس دورے نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا موقع فراہم کیا۔دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ پاکستان-یورپی یونین سٹریٹجک ڈائیلاگ کا نواں اجلاس آئندہ سال برسلز میں منعقد کیا جائے گا۔

