لاہور۔( نمائندہ خصوصی)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری نے کہا ہے کہ اگر ان کی کارکردگی سے ٹیم کو فائدہ پہنچتا ہے تو اس سے ان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوتا ہے اور وہ مستقبل میں بھی اسی تسلسل کے ساتھ بہتر پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان آسٹریلین کرکٹ ٹیموں کی پریکٹس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غازی غوری نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف اننگز کے دوران بابر اعظم کی رہنمائی نے ان کی بہت مدد کی۔ انہوں نے بتایا کہ بابر پہلے سے کریز پر موجود تھے، اس لیے ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم جیسے عالمی معیار کے کھلاڑی کے ساتھ بیٹنگ کرنے سے اعتماد بڑھتا ہے اور کسی قسم کا دباو
محسوس نہیں ہوتا۔غازی غوری نے کہا کہ انہیں ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے واضح ہدایت دی گئی تھی کہ وکٹ پر زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا ہے کیونکہ اس مرحلے پر تیز رفتاری سے رنز بنانا بنیادی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اسی منصوبے کے تحت اپنی اننگز کو آگے بڑھایا اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کردار ادا کرنے کی کوشش کی۔وکٹ کیپنگ پوزیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے غازی غوری نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ وہ محمد رضوان کی جگہ لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق محمد رضوان اب بھی ٹیم کی پہلی ترجیح ہیں، جبکہ انہیں جو موقع ملا ہے وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی کے طور پر وہ ہمیشہ اپنی کمزوریوں پر کام کرتے ہیں اور ہر روز خود کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال ان کا کوئی مخصوص آئیڈیل نہیں، بلکہ ان کی توجہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم جہاں اور جس پوزیشن پر ان کی ضرورت محسوس کرے گی، وہ وہاں بیٹنگ کرنے کے لیے تیار ہیں اور اپنی ذمہ داری نبھانے کی پوری کوشش کریں گے۔آسٹریلیا کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے غازی غوری نے کہا کہ یہ ایک مضبوط اور بڑی ٹیم ہے جو کسی بھی وقت میچ میں واپسی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق اگرچہ آسٹریلوی اسکواڈ میں چند سینئر کھلاڑی موجود نہیں ہیں، لیکن اس کے باوجود حریف ٹیم کو ہرگز آسان نہیں سمجھا جا سکتا۔
