اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء پاکستان کی تاریخ کا ایک تاریخی اور فیصلہ کن دن ہے، جب پاکستان نے کامیاب ایٹمی تجربات کے ذریعے اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔یوم تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع، قومی
خودمختاری اور دفاعی عزم کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے وہ تاریخی فیصلہ کیا گیا جس نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط اور ناقابل شکست بنایا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چاغی میں کیے گئے ایٹمی تجربات نے نہ صرف خطے میں طاقت کا توازن قائم کیا بلکہ پاکستان کے قومی وقار کا بھی بھرپور تحفظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی دبائو کے باوجود اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا اور
یوم تکبیر قومی اتحاد اور دفاعی عزم کی تجدید کا دن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ایٹمی ریاست ہے جبکہ افواج پاکستان ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیت رکھتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے قوم کے سائنسدانوں اور مسلح افواج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے محسنوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
