نیویارک۔(نمائندہ خصوصی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف نے اقوام متحدہ سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔جمعرات کو دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی کھلے مباحثے کے موقع پر ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف سے ملاقات کی ۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات کی توثیق کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان ترکمانستان کو اعلیٰ معیار کا گوشت اور زرعی مصنوعات برآمد کرنے کے لیے تیار ہے۔ملاقات میں ریل، سڑک، فضائی اور بحری روابط کے ذریعے علاقائی ٹرانزٹ اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ تجارت، کاروباری سرگرمیوں اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
