اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 28 مئی قومی خودمختاری اور دفاعی قوت کی روشن علامت ہے، پاکستان نے ایٹمی دھماکوں سے دنیا پر اپنی خودمختاری اور دفاعی صلاحیت ثابت کی ۔جمعرات کو یومِ تکبیر کے موقع پر سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے قوم کو
مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، محترمہ بینظیر بھٹو نے ایٹمی اور میزائل پروگرام کے تسلسل اور استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں 28 مئی 1998 کے تاریخی ایٹمی دھماکے پاکستان کے عزم کا مظہر تھے جنہوں نے جنوبی ایشیا میں تزویراتی توازن قائم کیا،قومی سلامتی اور استحکام کے معاملات پر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نوجوان تعلیم، تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ محفوظ، مستحکم اور ترقی یافتہ رکھے۔
