نیویارک(نمائندہ خصوصی):نائب وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کےلئے فعال اور مثبت کردار ادا کررہا ہے، وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی حکومت نے ملک کو شدید معاشی چیلنجز سے نکال کر استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے اور اب پاکستان پائیدار اور تیز رفتار معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندر پار پاکستانی خصوصاً امریکہ میں مقیم پاکستانی، ملک کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں جو سفارتی حمایت، سرمایہ کاری اور امریکہ کے ساتھ عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔جمعرات کودفتر خارجہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار نائب وزیرِاعظم نے نیویارک میں پاکستانی نژاد امریکی کیمونٹی کے اعزاز میں دیے
گئے عید عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عشائیہ میں پاکستانی نژاد امریکی کیمونٹی کے ممتاز رہنمائوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں نائب وزیرِاعظم نے پاکستان کی تاریخ کے ایک اہم باب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مئی کا مہینہ قومی تاریخ میں کئی حوالوں سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے 28 برس قبل، 28 مئی 1998 کو وزیرِاعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے قومی عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور عالمی سلامتی کی سمت متعین کرنے والی اقوام میں اپنا جائز مقام بنایا۔انہوں نے کہا کہ ٹھیک ایک سال قبل، مئی 2025 میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ بھارتی جارحیت کے سامنے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کا نتیجہ قومی فخر کی ایک لازوال مثال بن گیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نائب وزیرِاعظم نے اس دوران پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے اتحاد، حوصلے اور استقامت کو سراہا۔نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کےلئے فعال اور مثبت کردار ادا کررہا ہے جو پاکستان کی سنجیدگی، ساکھ اور عالمی امن و استحکام کےلئے مستقل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو قوم اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہو، وہی مو¿ثر اور مخلصانہ امن کوششوں میں بھی معتبر کردار ادا کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے اور اس کا بہترین دور ابھی آنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی حکومت نے ملک کو شدید معاشی چیلنجز سے نکال کر استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے اور اب پاکستان پائیدار اور تیز رفتار معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا مقصد عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے مہنگائی میں کمی، کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، بیرونی مالیاتی صورتحال کے استحکام اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو اس مثبت پیش رفت کی علامات قرار دیا۔ نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ ترقی کے اگلے مرحلے کی بنیاد برآمدات پر ہوگی اور حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ماڈل کو فروغ دے رہی ہے تاکہ زرمبادلہ میں اضافہ، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور پاکستان کو عالمی معیشت اور سپلائی چینز کا مضبوط حصہ بنایا جاسکے۔پاکستانی نژاد امریکی کیمونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی خصوصاً امریکہ میں مقیم پاکستانی، ملک کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں جو سفارتی حمایت، سرمایہ کاری اور امریکہ کے ساتھ عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ نائب وزیرِاعظم نے پاکستانی نژاد امریکی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی جڑوں سے وابستگی کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور ملک کی ترقی کے سفر میں شریک بنیں۔
