اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):بنوں میں پاک فوج ، پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن میں 2 اہم ترین خوارجی سرغنوں سمیت 16 خوارجی جہنم واصل کر دیئے گئے۔ آپریشن کے دوران 2پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ پاک فوج ،پولیس سمیت دیگر سکیورٹی ادارے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کیخلاف آپریشنز پوری شدت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں کے علاقے میریان میں پاک فوج،سی ٹی ڈی اورپولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی
کی اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا ۔ گزشتہ روز ہونے والے آپریشن کے دوران 2 اہم ترین خوارجی سرغنوں سمیت 16 خوارجی جہنم واصل کردیئے گئے ۔ سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ علاقے میں خوف ودہشت پھیلانے والا خوارجی سرغنہ زمری نوراورافغان خوارجی سرغنہ عبداللہ سعید کو آپریشن کے دوران جہنم واصل کر دیا گیا ۔ انتہائی کٹھن آپریشن میں پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی نے خوارج کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے ،آپریشن کے دوران پولیس کے دو اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا، شہید کانسٹیبل وحید اللہ خان اورنوراللہ خان کی نمازِجنازہ پولیس لائنزبنوں میں سرکاری اعزازکے ساتھ ادا کی گئی ، نمازِجنازہ میں اعلیٰ سول وعسکری حکام،علاقہ عمائدین اورعوام کی
بڑی تعداد نے شرکت کی۔سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے بدستور مشترکہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، آخری خوارجی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

