اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات کی، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور ریلوے تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔امریکی سفیر نے پاکستان ریلوے کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان ریلوے کے انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا اور جلد اس میں سرمایہ کاری کی جائے گی ۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے عالمی شراکت داروں کیلئے ٹریک ایکسس پالیسی متعارف کرا رہا ہے، امریکی سرمایہ کاروں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔امریکی سفیر نے امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ملاقات میں پاکستان ریلوے میں لوکوموٹیوز، ویگنز، فریٹ آپریشنز اور ریلوے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو بھی کی گئی ۔ملاقات میں پاکستان ریلوے اور امریکی کمپنی ویب ٹیک کے درمیان دہائیوں پر محیط تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے بیڑے میں شامل 254 امریکی ساختہ لوکوموٹیوز دوطرفہ تعاون کی روشن مثال ہیں، پاکستان وسطی ایشیائی ممالک سے ریلوے روابط بڑھانے کیلئے اہم علاقائی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ازبکستان، قازقستان، نوکنڈی اور گوادر تک ریلوے روابط خطے میں تجارت اور رابطہ کاری کو فروغ دیں گے ۔

