اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے چین کے بنیادی قومی مفادات کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا ہے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت قومی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ کر رہے تھے۔ وفد پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے۔ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر
اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔چینی وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد اور دوطرفہ و علاقائی اہمیت کے حامل امور پر سٹریٹجک ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستی کا ایک منفرد رشتہ قائم کیا ہے۔وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور چین کے بنیادی قومی مفادات کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا جس میں زراعت، آئی ٹی، صنعت اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آئندہ سرکاری دورۂ چین کے منتظر ہیں۔علاقائی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے چین کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی ہم آہنگی اور کثیرالجہتی تعاون کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ چینی قیادت پاکستان چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ نائب چیئرمین نے کہا کہ چین پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے لئے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔تسائی دافنگ نے کہا کہ چین علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی بھائی چارہ خطے میں امن، ترقی اور استحکام کا ایک اہم ستون ہے۔\932

