راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے22دہشت
گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر خوارج کی موجودگی کے حوالے سے 17 مئی سے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں
سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ
خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گردعلاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔اس وقت کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کا موثر محاصرہ کر رکھا ہے۔شواہد سے مزید
یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ خوارج نے مقامی آبادی کو خوفزدہ اور زبردستی اپنی مرضی کے مطابق استعمال کیا تاکہ محفوظ راستہ حاصل کیا جا سکے اور انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے ایسے اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے اس عمل کا کوئی جواز پیش
نہیں کیا جا سکتا۔علاقے میں چھپے ہوئے خوارج کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا جبکہ سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن ’’عزم استحکام‘‘ کے مطابق غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے اپنی بھرپور انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔

