لاہور،(کرائم رپورٹر)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی پنجاب نے ایک بڑی کارروائی میں واٹس ایپ کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دینے، خود کو سرکاری افسر ظاہر کر کے مالی فراڈ کرنے اور موبائل فونز و واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے میں ملوث 15 رکنی منظم گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔یہ کاروائی ڈائریکٹر پنجاب این سی سی ائی اے محمد علی وسیم کی ہدایت پر کی گئی ایس ایچ او طاہر مطابق یہ گروہ واٹس ایپ پر شہریوں سے رابطہ کر کے پہلے دوستی قائم کرتا اور پھر خود کو اعلیٰ سرکاری افسر یا کسٹمز اہلکار ظاہر کرتا تھا۔ اس کے بعد ملزمان مختلف بہانوں سے شہریوں
سے رقم طلب کرتے، اور انہیں جعلی ٹیکس یا فیس کی ادائیگی پر مجبور کیا جاتا تھا۔تحقیقات کے مطابق ملزمان بعض اوقات شہریوں کو جعلی انعامات اور گفٹس کا جھانسہ بھی دیتے تھے۔ اس دوران وہ متاثرہ افراد کے موبائل فون اور واٹس ایپ اکاؤنٹس تک غیر قانونی رسائی حاصل کر لیتے تھے۔ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے بعد یہ گروہ انہی نمبرز اور رابطوں کو استعمال کرتے ہوئے مزید شہریوں کو بھی اپنے جال میں پھنسا لیتا تھا۔کارروائی کے دوران سولہ موبائل فون، متعدد جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس، مشتبہ وائس پیغامات اور جعلی جاز کیش اکاؤنٹس برآمد کیے ہیں۔ ان تمام شواہد کو مزید تفتیش کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان میں تہسین سعید، محمد صدام، محمد احسن، محمد سہیل، محمد شان، محمد ریحان، محمد مزمل، زین عباس، عمیر بشیر، اعجاز احمد، علی حسن، بہادر علی، محمد طارق، محمد آصف اور محسن اسحاق شامل ہیں، جو ضلع بہاولپور کے رہائشی ہیں۔حکام کے مطابق گروہ کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔آ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب نے سب انسپکٹر طاہر محمود اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور ان کے لیے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

