کراچی (نمائندہ خصوصی)افواجِ پاکستان دفاعِ وطن کی آہنی دیوار ہیں، معرکۂ حق "بنیان مرصوص” میں کامیابی نے دنیا پر پاکستان کی طاقت واضح کردی،علماء کرام اندرونی خلفشار کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر قومی وحدت کو مزید مضبوط کریں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید علماء اور طلباء کو بھی افواجِ پاکستان کے شہداء کی طرح قومی اعزازات سے نوازا جانا چاہیے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں نے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا،جارح دشمن کو منہ کی کھانی پڑی اور آج دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو تسلیم کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز معروف عالم دین جامعہ بنوریہ عالمیہ کے صدر اور صوبائی پیغام امن کمیٹی کے سندھ کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹرمفتی نعمان نعیم گورنر ہاوس پشاور میں گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت بنیان
مرصوص استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا جناب فیصل کریم کنڈی، علامہ ہشام الٰہی ظہیر، پیرِ طریقت مولانا عبد القدوس نقشبندی، چیئرمین پیس کونسل پاکستان سید اسامہ اجمل قاسمی سمیت ملک بھر سے جید علماء کرام، مشائخِ عظام، خانقاہوں کے سجادہ نشین، پارلیمنٹیرینز اور اہم شخصیات شریک تھیں۔ ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے اپنے خطاب میں معرکۂ حق بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی کو قومی اتحاد، عوامی یکجہتی اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے وہ آہنی دیوار کی حیثیت رکھتی ہیں، انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے قائدانہ کردار سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا اور جارح دشمن کو منہ کی کھانی پڑی اور آج پوری دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو نہ صرف تسلیم کرچکی ہے بلکہ دنیا کو جنگ سے بچانے میں کردار کو بھی سراہا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے قومی اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور مثبت سوچ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ علماء کرام اندرونی انتشار کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر قومی وحدت کو مضبوط کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے جوانوں اور آفسران سمیت اسی ہزار سے زائد پاکستانیوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ،جن میں علماء کرام اور طلبہ کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ صرف جامعہ بنوریہ عالمیہ کے پانچ اساتذہ اور پچیس طلبہ نے وطنِ عزیز کے لیے قربانیاں دی ہیں،جس طرح افواجِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو قومی سطح پراعزازات سے نوازا جاتا ہے اسی طرح دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دینے والے علماء کرام، اساتذہ اور طلبہ کو بھی قومی سطح پراعزازات سے نوازا جانا چاہیے۔ڈاکٹر نعمان نعیم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے افواجِ پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے منتخب فرمایا ہے اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون اسی کا مظہر ہے۔ کانفرنس میںکانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے مضبوط قومی بیانیے کے ذریعے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیااور شہداء کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی۔
