کراچی۔(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر سید وقار مہدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رؤف احمد ناگوری، انفارمیشن سیکرٹری شرمیلا فاروقی، تمام اضلاع کے صدور ، جنرل سیکرٹریز و انفارمیشن سیکرٹریز، تمام ذیلی تنظیموں کے صدور سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 23 مئی کو شاہراہِ بھٹو کے تیسرے اور آخری فیز کے افتتاح کے موقع پر ایک
عظیم الشان جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سید وقار مہدی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 23 مئی کو سندھ حکومت کے عظیم الشان منصوبے شاہراہِ بھٹو کا افتتاح کریں گے۔ اجلاس کے دوران سینیٹر وقار مہدی نے کراچی ڈویژن کی ٹیم کو سی ویو کراچی پر کامیابی سے منعقد ہونے والی تاریخی “مارکۂ حق” تقریب کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کیجس میں کارکنان، خواتین، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے عظیم الشان انفراسٹرکچر منصوبے شاہراہِ بھٹو کی باقاعدہ افتتاحی تقریب 23
مئی بروز ہفتہ شام 4 بجے کاٹھور ٹول پلازہ کراچی میں منعقد ہوگی۔ جس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شرکت کریں گے۔ سید وقار مہدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان اور حامی 23 مئی کو کاٹھور ٹول پلازہ پر جمع ہو کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پرتپاک استقبال کریں گے اور اس تاریخی عوامی فلاحی منصوبے کے افتتاح کی خوشی منائیں گے، جسے کراچی کی ترقی اور جدید شہری سہولیات کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
