لاہور(نمائندہ خصوصی):پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود سے چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی مخدوم ہائوس لاہور میں اہم اور تفصیلی ملاقات ہوئی،اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مخدوم مرتضی محمود بھی موجود تھے۔ ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران ملکی مجموعی سیاسی،اقتصادی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔رہنمائوں نے موجودہ قومی منظرنامے، جمہوری
عمل کے استحکام، عوام کو درپیش مسائل، بڑھتی ہوئی مہنگائی، معاشی چیلنجز اور ملکی استحکام کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا۔رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل، جمہوریت کے استحکام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔ملاقات میں جنوبی پنجاب کی سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور پارٹی کو مزید فعال و مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ علاوہ ازیں عوامی فلاح و بہبود، نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع اور معیشت کی بہتری کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
