اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں بجلی کے شعبے سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں آئیسکو (اسلام آباد)، گیپکو (گوجرانوالہ) اور فیسکو (فیصل آباد) کی نجکاری پر غور کیا، جس کا مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام میں کارکردگی اور مالیاتی پائیداری کو بہتر بنانا ہے۔کمیٹی نے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دی اور فیصلہ کیا کہ ہر ڈسکو کے 51 فیصد سے 100 فیصد تک شیئر سرمایہ اور
انتظامی کنٹرول، کابینہ کی منظوری سے مشروط، براہِ راست فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خدمات اور بجلی کی قابلِ اعتماد فراہمی یقینی بنانا اور نجی شعبے کی مؤثر کارکردگی کو اس شعبے میں متعارف کرانا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ توانائی، مشیر برائے نجکاری، معاونِ خصوصی برائے وزیرِاعظم طارق باجوہ، سیکریٹری کابینہ، سیکریٹری نجکاری کمیشن، سیکریٹری نجکاری ڈویژن، سیکریٹری پاور ڈویژن، چیئرمین نیپرا، چیئرمین ایس ای سی پی اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

