لاہور(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے گزشتہ روز کیرج ورکشاپ اور لوکو ورکشاپ مغلپورہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے کوچز کی تیاری، مرمت اور مینوفیکچرنگ کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستان ریلوے کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔وفاقی وزیر نے آٹو موبائل کی ترسیل کے لیے تیار کی جانے
والی خصوصی کوچز کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کوچز کے معیار اور مینوفیکچرنگ کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے خریداری کے عمل اور اسپیئر پارٹس میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا اور متعلقہ حکام کو شفافیت اور معیار کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران وفاقی وزیر ریلوے ورکشاپ
میں موجود مزدوروں اور ریلوے ورکرز سے گھل مل گئے، ان کے مسائل سنے اور ان کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ریلوے مزدوروں اور ورکرز کی جانب سے وفاقی وزیر کے حق میں نعرے لگائے گئے اور ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے اس موقع پر کہا کہ ریلوے مزدور ادارے کا اہم ترین حصہ اور ریل کے نظام کا بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحات کے ثمرات براہِ راست ریلوے مزدور تک پہنچائے جائیں گے تاکہ ادارے کی بہتری کے ساتھ ساتھ ملازمین کی فلاح و بہبود بھی یقینی بنائی جا سکے۔دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر ریلوے اور سی ای او پاکستان ریلوے نے ورکشاپ میں پودا بھی لگایا اور شجرکاری مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔






