کوئٹہ( نمائندہ خصوصی) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی خواتین ونگ کی صدر رکن صوبائی اسمبلی اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے بارکھان واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں پر ملک دشمن عناصر کا بزدلانہ حملہ ناقابل برداشت اور قابل افسوس ہے۔ انہوں نے شہید میجرتوصیف سمیت دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش
کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں، پوری قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے، قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ محترمہ فرح عظیم شاہ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا اور زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن دشمن قوتوں کے خلاف متحد ہیں اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

