لاہور ( نمائندہ خصوصی)چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب، سارہ احمد نے مدرز ڈے کے موقع پر تمام ماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں بچوں کی پہلی درسگاہ، محبت، تربیت اور محفوظ مستقبل کی بنیاد ہوتی ہے۔ معاشرے کی مضبوطی اور بچوں کی بہترین پرورش میں ماؤں کا کردار نہایت اہم اور قابلِ احترام ہے۔
سارہ احمد نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت ماؤں اور بچوں کی فلاح و
بہبود کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت بچوں کے تحفظ، تعلیم، صحت اور فلاح کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ہر بچے کو محفوظ اور باوقار ماحول میسر آ سکے۔چیئرپرسن سارہ احمد نے مزیدکہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروبے سہارا، محروم اور ضرورت مند بچوں کو ماں جیسی شفقت، تحفظ، تعلیم اور بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرز ڈے کے موقع پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں نے چیئرپرسن کے لیے خصوصی پیغامات اور دعائیں بھی پیش کیں، جو محبت اور اعتماد کا خوبصورت اظہار ہیں۔
انہوں نے پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل 2026 کو بچوں خصوصاً بچیوں کے محفوظ مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون کم عمری کی شادیوں کے خاتمے اور بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔سارہ احمد نے مزید کہا کہ ہر بچے کو محفوظ، خوشحال اور محبت بھرا ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے حکومت، اداروں اور معاشرے کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔


