اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیرپیوٹن اور روسی عوام کو یوم فتح پرتہنیتی پیغام میں کہا کہ فسطائیت کے خلاف عظیم جنگ میں فتح ،روسی عوام کی عالمی جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کی ایک پر وقار یادگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی نہ صرف روسی قوم کی ہمت اور عزم
بلکہ عالمی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ان کے کردار کی بھی علامت ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایک منصفانہ، پرامن اور قواعدوضوابط پر مبنی بین الاقوامی نظام کے لیے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے نازی ازم کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کیا جن میں آج کے پاکستان کے سپاہی بھی شامل تھے جنہوں نے اتحادی افواج میں خدمات انجام دیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس تاریخی فتح کا جذبہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون، باہمی مفاہمت اور دوستی کو فروغ دیتا رہے گا۔

