اسلام آباد چنیوٹ(نمائندہ خصوصی):معرکہ حق’’بنیانٌ مرصوص‘‘ کا ایک سال مکمل ہونے پرچنیوٹ میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کی زیر قیادت ایک عظیم الشان تقریب اور تاریخی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، تاجروں، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اپنے خطاب میں پاک افواج کی جرات، قربانیوں اور قومی دفاع میں کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر سازش ناکام ہو چکی ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگی حالات کے آغاز پر سب سے پہلی ریلی چنیوٹ میں نکالی گئی تھی، جبکہ اس وقت بعض عناصر پاک فوج پر تنقید کر رہے تھے، مگر چنیوٹ کے عوام نے اتحاد
کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ بھارت کا دفاعی بجٹ پاکستان سے کئی گنا زیادہ ہونے کے باوجود اللہ تعالیٰ کی نصرت، قوم کے جذبے اور پاک افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر کمزور اور عالمی سطح پر تنہا کرنا تھا، تاہم پاکستان کی کامیاب حکمت عملی اور مؤثر سفارتکاری کے باعث دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ممالک پاکستان اور اس کی عسکری قیادت کو جو عزت و پذیرائی ملی، وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کر رہی ہے۔تقریب کے بعد وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قیادت میں ان کے ڈیرے سے پیر بھٹہ بازار، مسلم بازار اور چوک فاروقِ اعظم تک ایک شاندار اور تاریخی ریلی نکالی گئی، جو تقریب کا مرکزی اور نمایاں حصہ بن گئی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور قائدینِ پاکستان کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی جبکہ شہریوں نے راستوں میں کھڑے ہو کر ریلی کا پرتپاک استقبال کیا۔معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر تاجروں اور دکانداروں نے ریلی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، جس سے پورا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو گیا۔ مختلف مقامات پر شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔تقریب کے اختتام پر شہداءِ وطن کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔


