اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ’’معرکۂ حق‘‘ میں پاکستان کی تاریخی کامیابی قومی اتحاد، عسکری مہارت اور مؤثر سفارت کاری کا نتیجہ ہے،پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی جبکہ دنیا آج پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کی معترف ہے۔ہفتہ کو’’معرکۂ حق‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ نے بہادری، جرات اور تکنیکی مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے متعدد طیارے مار گرائے اور دشمن کے سائبر سسٹمز کو مؤثر انداز میں مفلوج کیا، جس پر دنیا حیران ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور اس کی دفاعی صلاحیت صرف ملکی دفاع اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان مثالی ہم آہنگی ’’معرکۂ حق‘‘ اور’’بنیان المرصوص‘‘ میں پوری دنیا نے دیکھی
جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مربوط حکمت عملی کے ذریعے تاریخی کامیابی حاصل کی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ’’بنیان المرصوص‘‘ قرآن پاک کی آیت سے لیا گیا نام ہےجس کا مطلب ’’سیسہ پلائی ہوئی دیوار‘‘ ہے اور پاکستانی قوم نے دشمن کی جارحیت کے سامنے اسی اتحاد اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے تمام اختلافات بھلا کر افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا عملی ثبوت دیا۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری اور سفارتی کامیابیوں کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی قیادت بھی متعدد مواقع پر خطے میں کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کر چکی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کا میڈیا آج پاکستان کی کوششوں، سفارت کاری اور عسکری مہارت کا ذکر کر رہا ہے اور پاکستان کو ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرونی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ داخلی استحکام، معاشی بہتری، سیاسی ہم آہنگی اور قومی اتحاد بھی وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عسکری قیادت ملک کو ایک مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے اور یہی نسل پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔


