لاہور( نمائندہ خصوصی) : انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے شہید ڈی ایس پی طارق کمبوہ کی بیٹی ماہ نور طارق نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ماہ نور طارق نے سی ایس ایس کے مقابلے کے اعلیٰ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پولیس سروس آف پاکستان (PSP) میں جگہ بنائی ہے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ماہ نور طارق کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے بھرپور حوصلہ افزائی کی اور اہلخانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے شہدا اور حاضر سروس ملازمین کے ہونہار بچوں کی تعلیمی میدان میں کامیابیاں پوری فورس کیلئے باعث فخر ہیں۔آئی جی پنجاب نے ماہ نور طارق کو اعلیٰ تعلیم دلوانے پر شہید ڈی ایس پی طارق کمبوہ کی اہلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود بیٹی کی بہترین تعلیم و تربیت قابل ستائش ہے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ماہ نور طارق کو ہدایت کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور اختیارات کو ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کیلئے بروئے کار لائیں۔اس موقع پر ماہ نور طارق نے کہا
کہ انہیں شہید کی بیٹی ہونے پر فخر ہے اور وہ اپنی کامیابی کو ملک و قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اپنے والد شہید کے نام کرتی ہیں۔ملاقات کے موقع پر ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی قاضی فاروق سلطان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ ڈی ایس پی طارق کمبوہ شہید کی اہلیہ اوران کے بیٹے انسپکٹر شاہ زیب بھی اس موقع پر شریک تھے۔
٭٭٭٭٭

