اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپاہ) نے عوام میں ہراسگی کے خلاف قانونی حقوق سے آگاہی کے لئے ایک اہم مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ملک کے بڑے شہروں کی میٹرو بس سروس میں آگاہی سٹیکرز نصب کئے گئے ہیں۔اس مہم کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور ملتان کی میٹرو بسوں اور سٹیشنز پر خصوصی سٹیکرز آویزاں کئے گئے ہیں جن کا مقصد شہریوں کو کام کی جگہ پر ہراسگی کے خلاف اپنے قانونی حقوق سے
آگاہ کرنا ہے۔ فوسپاہ کے مطابق یہ مہم خواتین، مردوں اور خواجہ سرا سمیت تمام شہریوں کے لئے ہے تاکہ وہ 2022 کی ترمیم کے بعد ہراسگی کے خلاف قانون کے تحت دستیاب یکساں تحفظ سے واقف ہو سکیں۔حکام کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس روزانہ لاکھوں شہریوں کے زیر استعمال ہے، اس لئے اس پلیٹ فارم کو آگاہی کے لئے منتخب کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک مؤثر انداز میں پیغام پہنچایا جا سکے۔ مہم کے دوران فوسپاہ کے ہیڈ آفس اسلام آباد سے وقار احمد، یمنیٰ جمیل اور ہِرا طارق نے نمائندگی کی جبکہ ملتان آفس سے اصغر شاہد اور لاہور آفس سے حسن علی ندیم نے بھی سٹیکرز کی تنصیب کے عمل میں حصہ لیا۔فوسپاہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایک محفوظ اور باوقار کام کے ماحول کے قیام کو فروغ دینا ہے جہاں ہر فرد بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکے۔

