اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):ٹیلی کمیونی کیشن اور ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں پی ٹی سی ایل اور یوفون نے ایفّی ایوارڈز2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 ایوارڈز اپنے نام کئےجن میں 3 گولڈ، 2 سلور اور 3 برونز اعزازات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پی ٹی سی ایل اور یوفون کو معتبر ترین ’’ایفیکٹو مارکیٹر آف دی ایئر 2025–26‘‘ کا اعزاز بھی سونپا گیا جو مختلف شعبہ جات میں بہترین کارکردگی دکھانے والے مارکیٹنگ اداروں کو دیا جاتا ہے۔ ایفّی ایوارڈز کو عالمی سطح پر مارکیٹنگ کے شعبے میں ایک معتبر معیار کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے جہاں قابلِ پیمائش کاروباری نتائج فراہم کرنے والے آئیڈیاز کو سراہا جاتا ہے اور انہیں حکمتِ عملی، عملدرآمد اور اثر انگیزی کی کسوٹی پر سختی سے جانچا جاتا ہے۔پیر کو جاری بیان کے مطابق ایفی ایوارڈز میں اس شاندار کامیابی سے
نتیجہ خیز اور ملک بھر میں صارفین کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے والی اشتہاری مہمات کی تیاری کے حوالے سے پی ٹی سی ایل اور یوفون کا رہنما کردار مزید مستحکم ہوا ہے۔اس سال ایک نمایاں کامیابی انٹرنیٹ اینڈ ٹیلی کام کیٹیگری میں حاصل ہوئی جہاں پی ٹی سی ایل اور یوفون نے گولڈ اور سلور دونوں ایوارڈز جیتے۔ یوفون کی فلیگ شپ مہم ’’ڈیٹا بہت ہے‘‘ نے گولڈ ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ ’’بابر کا فون گم ہوگیا‘‘ مہم کو سوشل میڈیا (سروسز) میں گولڈ ایوارڈ دیا گیا، اس کے ساتھ ’’سوہنی ماہیوال‘‘ کے لیے سلور ایوارڈ بھی حاصل ہوا۔دیگر اعزازات میں’’ہاکی ہے پاکستان کی شان‘‘ کے لئے پیشن فار پاکستان کیٹیگری میں گولڈ، ’’دل سے بااختیار‘‘ کے لئ پازیٹو چینج سوشل گڈ (برانڈز) کیٹیگری میں سلور، یوپیسہ کے لئے سیزنل مارکیٹنگ کے شعبے میں برونز؛ پشاور زلمی اور یوفون شراکت داری کے لئے برانڈ انٹیگریشن اینڈ انٹرٹینمنٹ پارٹنرشپ کے شعبے میں برونز اور پی ٹی سی ایل اور یوفون کے سماجی خدمت کے پلیٹ فارم ’’دل سے‘‘ کے لئے کارپوریٹ ریپوٹیشن میں برونز ایوارڈ شامل ہیں۔یہ کامیابیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ پی ٹی سی ایل اور یوفون تخلیقی صلاحیت، ثقافتی ہم آہنگی اور مقصد یت پر مبنی اشتہار سازی کے ذریعے بامعنی نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مزاح پر مبنی ڈیجیٹل انگیجمنٹ سے لے کر جدید اندازِ بیان، قومی فخر کو اجاگر کرنے، خواتین کاروباری افراد کو بااختیار بنانے، سٹریٹجک شراکت داریوں کو مضبوط کرنے سے لے کر سماجی شمولیت کو فروغ دینے تک ہر مہم پی ٹی سی ایل اور یوفون کی جانب سے ایک ایسے برانڈ کی تشکیل کے عزم کی عکاسی کرتی ہے جو صارفین اور کمیونٹیز دونوں کے لئے دیرپا افادیت پیدا کر سکے۔ٹیلی کمیونی کیشن سروسز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، کھیل، ثقافت اور مقصدیت پر مبنی اقدامات پر محیط یہ کامیابیاں اس بات کا مظہر ہیں کہ پی ٹی سی ایل اور یوفون کا مارکیٹنگ کے حوالے سے ایک جامع نقطہ نظر ہے جہاں کاروباری کامیابی اور سماجی خدمت شانہ بشانہ آگے بڑھتے ہیں۔

