لاہور۔( نمائندہ خصوصی)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے ایک انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز نے ٹیبل ٹاپر پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہورقلندرز نے 200 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا۔دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی تھا،اس دبائو والے رن چیس میں
تجربہ کار اوپنر فخر زمان دیوار ثابت ہوئے۔انہوں نے 47 گیندوں پر 58 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کی بنیاد فراہم کی۔ اگرچہ محمد نعیم 10رنز بنا کر جلد آئوٹ ہو گئے لیکن عبداللہ شفیق نے محض 11 گیندوں پر 25 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر مومنٹم قلندرز کے حق میں کر دیا۔مڈل اوورز میں چارتھ اسالنکا کے قیمتی 33 رنز اور سکندر رضا کے 11 گیندوں پر جارحانہ 29 رنز نے رن ریٹ کو قابو میں رکھا۔ سکندر رضا ایک منفرد انداز میں ہٹ وکٹ آئوٹ ہوئے جس سے میچ میں تھوڑی دیر کے لیے سنسنی پیدا ہوئی لیکن ڈینئل سیمز نے آخری لمحات میں پشاور زلمی کے بالرز پر دھاوا بول دیا۔سیمز نے صرف 15 گیندوں پر 35 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر 19.3 اوورز میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مائیکل بریسویل اور کپتان بابر اعظم کی
عمدہ شراکت کی بدولت 199 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔ زلمی کی شروعات اچھی نہ تھی کیونکہ شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوورز میں جیمز ونس اور کشل مینڈس کو آئوٹ کر کے اسکور 36 پر 2 کر دیا تھا۔تاہم بابر اعظم اور بریسویل نے 94 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا۔ بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 59 رنز بنائے جبکہ مائیکل بریسویل قلندرز کے بالرز پر قہر بن کر ٹوٹے اور 45 گیندوں پر 83 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔آخری لمحات میں افتخار احمد کے 14 گیندوں پر 27 رنز نے اسکور کو 199 تک پہنچایا۔ لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی اور حارث رئوف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔اس فتح کے بعد لاہور قلندرز پلے آف کی دوڑ میں بدستور شامل ہے جبکہ پشاور زلمی شکست کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر مستحکم پوزیشن میں ہے۔ فخر زمان کو ان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور ڈینئل سیمز کو ان کے فنشنگ رول پر بھرپور داد ملی۔
