اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے خلائی سٹیشن مشنز کے لیے تربیت کے لئے پاکستان کے پہلے خلا بازوں کے انتخاب کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی ہمارے عوام کی بے پناہ صلاحیتوں اور خلائی ٹیکنالوجی میں پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاس ہے۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کمانڈر خرم داؤد اور ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے ملاقات پر اُنہیں خوشی ہوئی ہے اور انہیں چین کے خلائی سٹیشن مشنز کے لیے تربیت حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی
خلا باز منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی ہمارے عوام کی بے پناہ صلاحیتوں اور خلائی ٹیکنالوجی میں پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاس ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ انہوں نے دونوں خلا بازوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے وہ قوم کی امیدوں اور امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ایک قابل فخر سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔
