لاہور۔(اسپورٹس رپورٹر):ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 11کے 32ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر اپنی شاندار فارم برقرار رکھی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں زلمی نے 183رنز کا ہدف 18.5اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔کوسل مینڈس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے
ہوئے 43گیندوں پر ناقابلِ شکست 80رنز بنائے، جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ انہوں نے فرحان یوسف کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 119 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی، جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔ فرحان یوسف نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 36گیندوں پر 58رنز بنائے اور اپنی پہلی پی ایس ایل نصف سنچری اسکور کی۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز اچھا رہا تاہم بابر اعظم، جیمز ونس اور ایرون ہارڈی کی وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم کچھ دبا کا شکار ہوئی۔ اس موقع پر مینڈس اور فرحان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے
ہمکنار کرایا۔اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنائے۔ جیسن رائے نے 51گیندوں پر 85 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ اعظم خان نے 35رنز بنائے تاہم اننگز کے اختتامی اوورز میں ٹیم لڑکھڑا گئی۔پشاور زلمی کے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مجموعی طور پر 4وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 18سال کی عمر میں پی ایس ایل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔پشاور زلمی کی ٹیم 9میچز میں 8فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم ساتویں نمبر پر موجود ہے۔کوسل مینڈس کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
