لاہور۔(اسپورٹس رپورٹر):ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 30ویں میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فخر زمان کی شاندار سنچری فتح کی بنیاد بنی۔لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ فخر زمان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 103 رنز اسکور کیے، جس میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ اس اننگز کے ساتھ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں تین سنچریاں بنانے والے نمایاں بلے بازوں میں شامل ہو گئے۔
عبداللہ شفیق نے 14 اور چرتھ اسالنکا نے 31 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ ڈینیل سیمز نے آخر میں 18 ناٹ آوٹ رنز بنا کر اسکور کو مستحکم کیا۔جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف کے تعاقب میں بھرپور کوشش کی مگر 7 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز ہی بنا سکی۔ شمیل حسین نے 53 اور رائیلی روسو نے 29 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ میں سنسنی پیدا کی، تاہم ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔لاہور کی جانب سے حارث روف نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سکندر رضا، عبید شاہ اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس کامیابی کے ساتھ لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے سے چوتھے نمبر پر آ گئی ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پانچویں پوزیشن پر چلی گئی۔ فخر زمان کوشاندار سنچری پرمیچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

