اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی دارالحکومت سے سال 2026 کے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اسلام آباد سے "روٹ ٹو مکہ” منصوبے کے تحت پہلی حج پرواز SV5723 کے ذریعے 270 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سعودی ڈپٹی ہیڈ مشن محمد ال علی، جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی نے عازمین حج کو رخصت کیا۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے بہترین سہولیات کی فراہمی و تعاون پر
خادم حرمین شریفین، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی وزیر حج عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہاکہ آج 2026 کی پہلی حج پرواز کو سرزمین حجاز روانہ کر دیا گیا،ہر حاجی کے لیے یہ لمحہ زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہے۔سعودی وژن 2030 اور وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مثالی تعاون سے حج انتظامات مکمل ہوئے۔حکومت پاکستان کی اولین ترجیح عازمین کو سہولت اور باوقار سفر کی فراہمی ہے۔وفاقی وزیر نے روٹ ٹو مکہ منصوبہ عازمین کے لیے انقلابی سہولت قراردیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد
ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن اور سفری مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں۔اس سہولت سے عازمین براہ راست اپنی رہائش گاہوں تک پہنچ سکیں گے۔اسلام آباد سے 36 ہزار، کراچی سے 29,800 عازمین مستفید ہوں گے۔پہلی بار لاہور سے بھی 30 ہزار عازمین روٹ ٹو مکہ سہولت حاصل کریں گے۔مجموعی طور پر 95,800 پاکستانی عازمین اس جدید سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اس طرح کل عازمین کا 80 فیصد روٹ ٹو مکہ منصوبے سے مستفید ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حج انتظامات مزید بہتر بنائے گئے ہیں۔ہر 188 عازمین کے ساتھ تربیت یافتہ ناظم مقرر کیا گیا۔منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں عازمین کی مکمل رہنمائی یقینی بنائی جائے گی۔ہر حاجی کو سعودی عرب پہنچتے ہی مفت سعودی سم فراہم کی جائے گی۔لانگ حج کے لیے 40 جی بی انٹرنیٹ سہولت دی جائے گی۔24 ہزار حجاج
کو ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سال 1 لاکھ 19 ہزار سرکاری حجاج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔تمام سرکاری حجاج کو مدینہ میں مرکزیہ کے قریب رہائش دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حج صرف عبادت نہیں بلکہ روحانی تربیت کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے حجاج کرام کو صبر اور نظم و ضبط کے ساتھ حج مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سعودی قوانین کی پابندی اور خدام الحجاج کی ہدایات پر عمل کرنا ہر حاجی پر لازم قرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج پاکستان کے سفیر ہیں، مثبت کردار ادا کریں۔

