نیویارک( نمائندہ خصوصی):معروف پاکستانی نژاد امریکی سیاسی تنظیم امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پی اے سی)نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار پر ملکی قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں
تنظیم نے کہا کہ بطور پاکستانی نژاد امریکی وہ اس کامیابی پر فخر محسوس کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ پیش رفت مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اہم موڑ ہے جو نہ صرف فوری بحران کو ٹالنے میں مددگار ثابت ہوا بلکہ دیرپا امن، معاشی استحکام اور خطے میں ہم آہنگی و ترقی کی بنیاد بھی رکھے گا۔ اے پی پی اے سی نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق
ڈار کی قیادت میں اس جنگ بندی کو ممکن بنانے کے لیے مضبوط عزم کا مظاہرہ کیا۔ چیئرمین اے پی پی اے سی ڈاکٹر اعجاز احمد اور رکن بورڈ اور ڈائریکٹر میڈیا ریلیشنز اسد چوہدری نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ امن کوشش خطے میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز اور مسلم اکثریتی ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دے گی۔

