اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):پاکستان نے بصرہ میں کویت کے قونصل خانے پر حملے اور اس کی توڑ پھوڑ، نیز گزشتہ روز قونصل خانے کے تقدس کی پامالی کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔بدھ کو ترجمان وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق
پاکستان ایسے اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے جو مسلمہ سفارتی اصولوں اور بین الاقوامی قانون، بالخصوص قونصلر تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن کے منافی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان سفارتی اور قونصلر مشنز کی سلامتی اور ان کے
تقدس کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتا ہے اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے، نیز ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کویتی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سفارتی مشنز کے احترام اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کے اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔
