جدہ۔(اسپورٹس رپورٹر):سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے ملاقات کی جس میں فٹ بال کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اردو نیوا نے ایس پی اے کے حوالےسے بتایا کہ جدہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران سعودی عرب اور فیفا کے درمیان جاری اشتراکِ عمل کا جائزہ لیا گیا اور گراس روٹ سے لے کر پیشہ ورانہ سطح تک فٹبال کے کھیل کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا گیا۔سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں فیفا کے ساتھ
اپنے روابط کو مزید گہرا کیا ہے جو کہ سعودی عرب کو کھیلوں کا عالمی مرکز بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔وژن 2030 کے تحت سعودی عرب انفراسٹرکچر، ٹیلنٹ کی نشوونما اور بڑے بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد پر بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے۔سعودی عرب نے اب تک کئی علاقائی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی کی ہے اور مشرق وسطیٰ میں فٹ بال کی مقبولیت اور تجارتی ترقی کے لیے فیفا کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ریاض کو عالمی فٹ بال میں ایک بڑھتے ہوئے اہم کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس میں مستقبل میں بڑے عالمی مقابلوں کی میزبانی کی خواہش بھی شامل ہے۔ ملاقات میں سعودی وزیر برائے کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل اور سعودی عرب فٹ بال فیڈریشن کے صدر یاسر المسحل بھی شریک تھے۔
