لاہور، ( نمائندہ خصوصی)حضرت مادھو لال حسینؒ کے 438ویں عرس (میلہ چراغاں) کی تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ جس ے پیش نظر لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات ترتیب دیے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہوربلال
صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ میلہ چراغاں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس افسران خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور عرس کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے عقیدت مندوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ چیکنگ کے عمل کو موثر بنانے کے لیے واک تھرو گیٹس،
میٹل ڈیٹیکٹرز اور بیریئرز کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے میلہ چراغاں کی تقریبات اور اطراف کی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے تاکید کی کہ چراغاں اور لنگر کی تقسیم کے دوران سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور ڈیوٹی پر مامور اہلکار مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
٭٭٭٭٭
