اسلام آباد۔ ( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے حریت رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید جبکہ فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو 30، 30 سال قید کی سزائیں سنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں، بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند
کیا جانا چاہیے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ انصاف کے اصولوں کے منافی ہے اور بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بنیادی حقوق کی مسلسل پامالیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پورے عزم اور اتحاد کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا انعقاد عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

