کراچی۔( نمائندہ خصوصی):گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی سے جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری مسارو نے گورنر ہائو س میں ملاقات کی اورگورنر سندھ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاک جاپان دوطرفہ تعلقات، تعلیم، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائو ں نے آئی ٹی کورسز اور نوجوانوں کی فنی تربیت کو مزید مو ثر بنانے اور انہیں ہنرمند بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا جبکہ ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے بھی مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔گفتگو کے دوران جائیکا کے جاری منصوبوں اور کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے جبکہ نوجوانوں کے لیے ایکسچینج پروگرام کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان جاپان کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مائننگ، آئل و کول، فشریز اور زراعت سمیت مختلف شعبوں
میں جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ آئی ٹی سیکٹر میں پاک جاپان تعائون سے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے ہنر مند افرادی قوت دستیاب ہے اور سندھ کی زرخیز زمین زراعت کے لیے انتہائی موزوں ہے۔گورنر سندھ نے تجویز دی کہ گورنر ہائو س میں پاک جاپان بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے، جس میں جاپانی سرمایہ کاروں، ماہرین اور کاروباری شخصیات کو مدعو کیا جائے تاکہ انہیں پاکستان کے مختلف شعبوں کی استعداد سے آگاہ کیا جا سکے۔اس موقع پر جاپانی قونصل جنرل نے کہا کہ جاپان گزشتہ برسوں سے پاکستان میں تعلیم، صحت اور خوراک کے شعبوں میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الخیر اسکول کی گزشتہ 15 سال سے معاونت جاری ہے، جبکہ گراس روٹ سطح پر گرین روٹ ہیومن سیکیورٹی منصوبہ بھی کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 1800 سے زائد پاکستانی طلبہ جاپان کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ہیں اور ہر سال اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کیا جاتا ہے جس سے بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ مستفید ہوتے ہیں، جبکہ جاپانی طلبہ بھی پاکستان کی مختلف جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔قونصل جنرل کے مطابق پاک جاپان بزنس فورم کے تحت منعقدہ کانفرنس میں جاپانی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی، جبکہ کراچی میں جاپان کے تعائون سے کلچرل، فلاور اور دیگر فیسٹیولز کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی فوڈ پاکستان اور جاپان کی مشترکہ کمپنیوں کے ذریعے جاپان برآمد کیے جا رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
