لاہور۔( نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا فوری اطلاق ہوگا ۔ فیصلے کا مقصد قومی وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ہائی اوکٹین فیول پر پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے فیصلے کے تسلسل میں ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال پر پابندی عائد کر
دی ہے جس کا اطلاق فی الفور ہو گا۔ بیان کے مطابق اگر کسی بھی سرکاری محکمے کی گاڑی میں ہائی اوکٹین ایندھن کا استعمال نا گزیر ہے تو استعمال کرنے والا اپنے ذاتی جیب سے خرچ کرسکتا ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ تمام وفاقی محکمے، اتھارٹیز اور ذیلی ادارے اس فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے سرکاری گاڑیوں کے ایندھن پر 50فیصد کٹوتی کا اطلاق پہلے ہی چکا ہے، اس کے علاوہ 60فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراونڈ کیا جا چکا ہے۔ عوام کو ریلیف اور سستا تیل فراہم کرنے کے لیے ان اقدامات کے ذریعے کی گئی بچت کو استعمال کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عمل کرتے ہوئے غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس اقدام سے حکومتی اخراجات میں کمی آئے گی اور عوامی وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوگا۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس فیصلے کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

